قسمت کی دھنی خواتین جو خلائی سفر پر ساتھ جانے والی پہلی ماں بیٹی ہوں گی

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انعام میں نہ سونا نکلا، نہ ہوئی پیسوں کی بارش، کچھ ایسا ملا جو کوئی سوچ بھی نہ سکے۔ اینٹیگا سے تعلق رکھنے والی اناسٹاٹیا اور ان کی والدہ کو انعام میں خلا میں جانے کا ٹکٹ مل گیا۔ دونوں ماں بیٹی یہ تاریخی اور یادگار سفر جمعرات سے شروع کر کے تاریخ رقم کریں گی اور یہ پہلی ماں بیٹی ہوں گی جو خلا میں جائیں گی جب کہ اناسٹاٹیا خلا میں سفر کرنے دوسری کم عمر ترین فرد بھی ہوں گی۔

کہانی کچھ یوں ہے کہ 18 سالہ اناسٹاٹیا نے اپنی تعلیم کے لیے اسکاٹ لینڈ کا رخ کیا اور اس کی والدہ  کیشا نے بیٹی کے ویزے کے مسئلے کے لیے انٹیگا سے برطانیہ کا سفر کیا۔ پرواز کے دوران انہوں نے ایک فارم پر کیا، مہینوں کے بعد خبر ملی کہ انہوں ںے 20 فائنلسٹس میں جگہ بنائی ہے، پھر خلا میں سفر کرنے کی بڑی خبر ملی۔  کیشا کے لیے اس سے بھی زیادہ حیرت کی بات یہ تھی کہ بزنس مین اور خلا باز رچرڈ برانسن نے انہیں اینٹیگا میں ان کے گھر آ کر  بڑی خوشخبری سنائی اور کہا کہ وہ اور ان کی بیٹی خلا میں سفر کرنے کے لیے تیار رہیں۔

یہ منفرد پرواز دونوں ماں بیٹی سمیت 5 مسافروں کو لے کر نیو میکسیکو سے روانہ ہو گی۔ اناسٹاٹیا اس ساری کہانی کو قسمت کا کھیل قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنی تعلیم کے لیے ہزاروں میل سفر نہ کرتیں اور انہیں ویزے کا مسئلہ نہ ہوتا جس کی وجہ سے ان کی والدہ نے سفر کیا اور پھر وہ ٹکٹ خریدا تو ان لوگوں کو خلا کے سفر کا موقع نہ ملتا۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ جا کر تعلیم حاصل کرنے کا ان کا فیصلہ ان کی زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا۔ اناسٹاٹیا کا کہنا ہے کہ اپنی زندگی کے اس سفر سے وہ بھرپور لطف اٹھائیں گی اور یہی نہیں بلکہ ان کا یہ سفر دوسروں کو بھی مرعوب کرے گا۔ اس کی والدہ کا کہنا ہے کہ خلا کا سفر ہم دونوں ماں بیٹی کے لیے ایک ایسا خواب ہے جو سچ ثابت ہو رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp