الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوا ہے جس کی بنیاد پر انہیں 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 45 سے ڈی نوٹیفائی بھی کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عدالت سے جرم ثابت ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے ممبر نہیں رہ سکتے۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد پولیس نے انہیں زمان پارک لاہور سے گرفتار کر لیا تھا۔ عمران خان اس وقت اٹک جیل میں قید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں توشہ خانہ کیس: عمران خان پر الزام ثابت، 3 سال قید کی سزا اور 5 سال کے لیے نا اہل

عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات جمع کرائیں، ملزم کرپٹ پریکٹسز کا مرتکب پایا گیا ہے، ملزم پر کرپٹ پریکٹس کے جھوٹے بیان کا الزام  ثابت ہوتا ہے۔

تفصیلی فیصلے کلے مطابق ملزم نے اثاثے جان بوجھ کر چھپائے، تحائف سے متعلق غلط بیانی کی گئی، جس کے تحت ملزم پر بددیانتی ثابت ہوتی ہے۔

عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے لکھاکہ ملزم پر الیکشن ایکٹ 174 کے تحت 3 سال کی سزا سنائی جاتی ہے اور ایک لاکھ جرمانہ کیا جاتا ہے۔ ملزم نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں جھوٹی تفصیلات دیں، ملزم کو الیکشن ایکٹ کی سیکشن 174 کے تحت 3 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

جج ہمایوں دلاور نے لکھاکہ ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے، آئی جی اسلام عدالت کے حکم کی تعمیل کروائیں، اور ملزم کو فوری گرفتار کریں، اگر جرمانہ ادا نہیں کیا جاتا تو 6 ماہ مزید سزا ہوگی۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد آئی جی اسلام آباد کو وارنٹ گرفتاری پر تعمیل کرانے کا حکم دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp