سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو سرکاری بھرتیوں سے روک دیا

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو مختلف محکموں میں نئی بھرتیوں سے روکتے ہوئے ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف محکموں کے اشتہارات کو بھی معطل کردیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے صوبائی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے 140 سے زائد محکموں میں نئی بھرتیوں کا معاملہ پر ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ایم کیو ایم نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ سندھ حکومت کی مدت 11 اگست 2023 کو ختم ہورہی ہے، سندھ حکومت نے مختلف محکموں میں غیر قانونی بھرتیاں شروع کردی ہیں۔

’انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتیں دینا انتخابی دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے، سندھ حکومت قانونی تقاضے پورا کیے بغیر بھرتیاں کررہی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوکریوں سے نوازا جا رہا ہے۔‘

عدالت نے سندھ حکومت کو مختلف محکموں میں نئی بھرتیوں سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف محکموں کے اشتہارات کو بھی معطل کردیا ہے۔ عدالت نے سندھ حکومت سمیت دیگر فریقین کو 30 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp