نگران وزیراعظم کی نامزدگی میں تاخیر، وزیراعظم شہباز شریف نے اصل وجہ بتادی

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کے حوالے سے تاخیر پر کہا ہے کہ کل رات میں نے اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس بجھوائی۔ اس سے قبل آئین کہتا ہے کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان مشاورت نہیں ہوسکتی تاوقتیکہ کہ آپ یہ آئینی مرحلہ پورا نہ کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ بات سمجھنے میں غلطی کی جارہی ہے۔

وی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’گزشتہ رات اسمبلی تحلیل کرنے کا مرحلہ مکمل ہوگیا اور صدر نے اسمبلی تحلیل کردی ہے جس کے بعد آج میری پہلی ملاقات اپوزیشن لیڈر سے ہے جس میں اس پر بات ہوگی‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ابھی نگران وزیراعظم کے حوالے سے نام کا نہیں بتا سکتے مگر جو بھی بات ہوگی وہ پردے میں نہیں ہوگی اور معاملہ سامنے آجائے گا۔

یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے لیے بھیجی گئی سمری پر رات گئے دستخط کر دیے تھے، جس کے بعد قومی اسمبلی آئینی طور پر تحلیل ہو گئی تھی۔آج اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگیا۔

گزشتہ 2دن سے چہ مگوئیاں جاری تھیں کہ نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجا ریاض، دونوں اطراف سے سستی اور غیر سنجیدگی دکھائی جا رہی ہے۔

نگران وزیراعظم کی تقرری کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان 2 مرتبہ میٹنگ طے تھی تاہم راجہ ریاض کی مصروفیات کے باعث یہ ملاقات بھی نہیں ہو سکی۔

نگران وزیراعظم کے لیے 3 نام وزیراعظم نے اتحادیوں کی مشاورت سے اور 3 نام راجہ ریاض نے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے طے کرنے ہیں۔ وزیراعظم اور راجہ ریاض کے تجویز کیے گئے ناموں پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو گی اور کسی بھی ایک نام پر اتفاق ہونے پر نگراں وزیراعظم کی تقرری ہو جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp