غیرملکی ایئرلائن کا پاکستان کے لیے مزید براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

جمعرات 10 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اومان کی سلام ایئر لائنز نے اگلے چند ہفتوں کے دوران میں پاکستان کے لیے مزید پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ”سلام ایئر“ کے مطابق رواں سال 2اکتوبر کو مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پشاور باچا خان ایئرپورٹ کے لیے ایک نیا روٹ شروع کیا جائے گا جس کے تحت ہفتہ میں 2 پروازیں (سوموار اور جمعرات) کو ہوں گی۔

تاحال پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے) کی اومان کے لیے ہفتہ وار2 براہ راست پروازیں چلتی ہیں۔

اب ”سلام ایئر“ پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کو توسیع دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس کے تحت اکتوبر میں 4 نئے روٹ متعارف کرائے جائیں گے جبکہ 3 روٹس کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

یکم اکتوبر سے مسقط سے اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار بنیادوں پر 5 پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔ مسقط سے لاہور کوئٹہ کے لیے پروازوں کا آغاز 3اکتوبر اور فیصل آباد کے لیے 5اکتوبر سے ہوگا۔

”سلام ایئر“ کی جانب سے لاہور کے لیے ہفتہ وار 3 پروازیں جب کہ کوئٹہ اور فیصل آباد کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں چلیں گی۔ علاوہ ازیں کراچی، ملتان اور سیالکوٹ کے لیے پہلے سے جاری 3 پروازوں میں سہولیات مزید بہتر کی جائیں گی۔ ان تینوں شہروں کے لیے فی الوقت مسقط سے ہفتہ وار 3 پروازیں چلتی ہیں تاہم اب کراچی اور سیالکوٹ کے لیےپروازوں کی تعداد 5 تک کردی جائے گی جب کہ ملتان کے لیے ہفتہ وار پروازیں 4 تک بڑھائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ اومان میں کم و بیش 2 لاکھ پاکستانی قیام پذیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp