وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم آئندہ عام انتخابات جیتے تو انشااللہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے۔
وی نیوز سے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہ کیا نواز شریف ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ سوال ان(میاں نواز شریف) سے پوچھا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں
جب وزیراعظم سے پوچھا گیا کہ نواز شریف ملاقاتوں میں آپ کی ڈانٹ ڈپٹ کرتے ہیں یا تعریف ؟ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ڈانٹ ڈپٹ ان کا حق ہے کیونکہ وہ بڑے بھائی ہیں، باپ کی جگہ ہیں، وہ رہنمائی کرتے ہیں، سمجھاتے ہیں۔ الحمدللہ ہم ان کی نصیحت پر عمل کرتے ہیں، اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں بارہا کہہ چکا ہوں اور یہ میری سوچ ہے کہ اگر ہم اگلے الیکشن میں جیتے تو انشا اللہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے۔‘
ان سے پوچھا گیا کہ ایسی صورتحال میں کیا وہ پنجاب کے وزیراعلی ہوں گے؟ ان کا کہنا تھا ’میں نواز شریف کا ورکر بن کر کام کروں گا۔‘
اس سوال پر کہ کیا سیاسی معاملات میں مداخلت کرنے والے ججز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے؟ وزیراعظم ان کا کہنا تھا کہ احتساب کا عمل سب پر لاگو ہوتا ہے، اس کو شفاف طریقے سے ہونا چاہیے، اسی طریقے سے ملک آگے بڑھے گا۔