امریکی ریاست الینوائے میں ڈیری مصنوعات سے متعلق ایک سالانہ میلے میں مکھن سے بنا 800 پاؤنڈ وزنی گائے کا مجسمہ عوام کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔ میلے میں مکھن سے بنے گائے کے اس مجسمے کی نقاب کشائی الینوائے ریاست کے گورنر نے کی۔
مکھن سے بنے گائے کے 102 ویں مجسمے کی باضابطہ نقاب کشائی الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر اور زراعت کے ڈائریکٹر جیری کوسٹیلو دوم نے الینوائے اسٹیٹ فیئر گراؤنڈز میں کی۔ امریکی ریاست میں اس میلے کا مقصد ڈیری سے متعلق عوام میں شعور اور دلچسپی پیدا کرنا بھی ہے۔
مکھن سے بنے گائے کے اس مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے، امسال اس کی نقاب کشائی کی تقریب میں عوام نے زیادہ دلچسپی لی، الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر نے شیشے کے تابوت سے پردہ ہٹا کر مکھن سے بنے گائے کے مجسمے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس سال مکھن سے گائے کے مجسمے کی تیاری ریاست الینوائے ڈیری فارمر لوریلی شولٹز کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جس میں ایک دودھ دینے والی گائے کو دکھایا گیا ہے۔
جب کے اس کے ساتھ ہی ایک دوسرا انسانی مجسمہ بھی رکھا گیا ہے جو شلٹز کی پوتی لوسی کا ہے اسے بھی مکھن ہی سے تیار کیا گیا ہے، اس انسانی مجسمے میں لوسی کو گائے کے ایک بچھڑے کی دیکھ بھال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق 2023 کے مکھن سے بنے گائے کے اس مجسمے کو آرٹسٹ سارہ پریٹ نے بنایا ہے۔
پریٹ نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’ ہر سال مکھن سے گائے کا مجسمہ بنانے کا مقصد الینوائے کے کسان خاندانوں کے عزت و قار کو بڑھانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سال یہ اعزاز میرے حصّے میں آیا ہے، میری اپنی بیٹی گریس نے لوسی اور اس کے بچھڑے کا اضافی مجسمہ بنایا۔
ان کا کہنا ہے کہ الینوائے کے فارمز ہمارے دل میں ہیں اور ہم ان کا بے حد احترام کرتے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ اس احترام میں اب میری 19 سالہ بیٹی بھی شامل ہو گئی ہے، ہم اپنا فن اب اپنی نسل کو منتقل کر رہے ہیں اور اس میں ہمیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
الینوائے اسٹیٹ میلہ جمعرات کو شروع ہوا اور یہ 20 اگست تک جاری رہے گا۔اس عرصے کے دوران میلہ کے شرکا کے لیے مکھن سے بنا یہ مجسمہ یہ سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث رہے گا۔