شمالی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں کالعدم تنظیم کے 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے اپنے ہی ساتھیوں کو ہلاک کر دیا جبکہ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم زیر حراست ملزمان کو میران شاہ سے بنوں منتقل کر رہی تھی کہ اس دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا، دہشتگردوں کی فائرنگ سے ان کے اپنے تین ساتھی ہلاک ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے حملہ آور 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، دہشتگردوں کے کچھ ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، یہ واقعہ میران شاہ کی بائی پاس روڑ پر پیش آیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے، ہلاک دہشت گرد تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اورکانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے، سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔