پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کہتے ہیں کہ اگر ان کی پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے دوبارہ دوستی ہوگئی تو بہت لوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔
بدین شہر میں ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں نامزد سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا انسداد دہشت گردی عدالت میں آج پیش ہوئے جہاں انہوں نے بڑے دنوں بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ نہ وہ آصف علی زرداری سے دوبارہ دوستہ کے خواہشمند ہیں اور نہ ہی ان کے پاس اتنا وقت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
’پرانے دوستوں سے دوبارہ دوستی کے لئیے کسی نے کوئی کوشش نہیں کی۔ نہ میں زرداری سے دوبارہ دوستی کرنا چاہتا ہوں نا ہی انکے پاس اتنا وقت ہے۔ اگر میری زرداری سے دوستی ہوگئی تو بہت سے لوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔‘
سابق صوبائی وزیر داخلہ دوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی عام آدمی سے اس ضمن میں سوال کرکے دیکھ لیں، معلوم ہوجائے گا۔