پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔
ہفتہ کو پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزارت دفاع پہنچنے پر پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ سے ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز ( آر ایم ایس پی) کے اقدام اور کمبائنڈ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے علاقائی میری ٹائم امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔

رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کی حمایت میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور مضبوط دوطرفہ دفاعی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
بعد ازاں پاک بحریہ کے سربراہ نے ملائیشین نیشنل ڈیفنس کالج پسپہنس کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال پی یو ایس پی اے ایچ اے این اے ایس کے صدر نے کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس کے بعد نیول چیف کو کالج میں دی جانے والی تربیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ڈی جی نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر (این ایچ سی) سے بھی ملاقات کی اور انہیں نیشنل ہائیڈرو گرافک سینٹر کے کردار اور صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے ملائشین نیشنل ہائیڈروگرافک اور پاکستان کی ہائیڈروگرافک سروسز کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی کوشش کی تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں اور نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔