جشن آزادی کی تقریب: یو اے ای قونصیلٹ جنرل کا پاکستان سے محبت کا شاندار اظہار

اتوار 13 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل نے پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر پاکستان سے منفرد اور خوبصورت انداز میں اپنے ملک کی طرف سے محبت کا اظہار کیا ہے، برطانوی ہائی کمشنر نے بھی جشن آزادی پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے قونصلیٹ بخیت عتیق الرومیتی نے جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی ثقافت کے تمام رنگ بکھیر دیٸے اور اُردو زبان میں پاکستانی عوام سے مخاطب ہو کر انہیں جشن آزادی کی مبارک باد دی۔

تقریب میں بخیت عتیق الرومیتی سماعت سے محروم بچوں کے ہمراہ قومی ترانے اور ملّی نغموں پر والہانہ انداز میں جھومتے رہے۔ معصوم بچوں نے تمام صوبوں کی ثقافت کے ذریعے قوم کو اتحاد، ایمان، تنظیم اور یقین محکم کا پیغام دیا۔

پاک یو اے ای دوستی کی عظیم مثال پیش کرتے ہوٸے یو اے ای قونصلیٹ اور ویزا سینٹر کو پاکستانی پرچموں غباروں اور برقی قمقموں سےدلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔

قونصل جنرل نے تقریبات میں شریک بچوں، سفارتکاروں اور شہریوں میں چوڑیاں، پاکستانی پرچم، بیجز اور اعزازی شیلڈ بھی تقسیم کیں۔

بخیت عتیق الرومیتی نے پوری پاکستانی قوم کو جشن آزادی پر دلی مبارک باد کے پیغامات بھی دیٸے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا ’پاک برطانیہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے برطانوی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستانی عوام کو جشن آزادی مبارک ہو: برطانوی ہائی کمشنر

ادھر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے جاری پیغام میں کہا کہ آج ہم آپ کی کامیابیوں کا جشن منا رہے ہیں۔تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، برطانیہ اورپاکستان کے تعلقات کے فروغ میں ہونے والی پیش رفت پر خوشی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان سے محبت کے اظہار اور تعلقات کے مزید فروغ کے لیے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 2024 میں پاکستان کا دورہ کر ے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp