پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت نے پشاور سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی امجد عزیز ملک کے لیے ملک و قوم کے لیے شاندار خدمات انجام دینے پر صدارتی تمغہ امتیازکا اعلان کیا ہے، امجد عزیز ملک پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلے سپورٹس جرنلسٹ ہیں جنہیں تمغہ امتیازکے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے سول ایوارڈز کا اعلان یوم آزادی کے موقع پر کیا جاتا ہے جبکہ ایوارڈز کی تقریب یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو منعقد کی جاتی ہے۔
امجد عزیز ملک کا شمار پاکستان کے صف اول کے صحافیوں میں ہوتا ہے، انہوں نے عملی صحافت کا باقاعدہ آغاز1982ء میں کیا، روزنامہ امروز، روزنامہ حریت اور ماہنامہ اخبار وطن میں لکھا اور بعد میں روزنامہ جدت سے منسلک ہو گئے۔ 1986ء میں روزنامہ جنگ میں شمولیت اختیار کی اور سولہ برس تک خدمات انجام دیں۔
امجد عزیز ملک نے پاکستان کے پہلے نیوز چینل جیو نیوز کے لیے 12 برس خدمات انجام دیں اور دہشت گردی کے واقعات کے دوران اپنی زندگی کی پروا کیے بغیر بہترین رپورٹنگ کی۔ 2014ء سے2017ء تک امجد عزیز ملک روزنامہ ایکسپریس کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر رہے۔
امجد عزیز ملک آج کل روزنامہ کسوٹی کے چیف ایڈیٹر اور اسلام آباد سے بین الاقوامی شہرت کی حامل ویب سائیٹ وی نیوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرہیں۔ امجد عزیز ملک نے کھیلوں کی صحافت میں بھی ملک و قوم اور صوبہ خیبر پختون خوا کے لیے نام کمایا اور کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کارہائے نمایاں انجام دیے۔
انہوں نے 268 انٹرنیشنل ہاکی میچوں کی کمنٹری کا اعزاز بھی حاصل کیا اور مسلسل 2 برس 1999 اور2000 میں ریڈیو پاکستان کے بہترین ہاکی کمنٹیٹر قرار دیے گئے۔ انہوں نے دس برس تک پاکستان ٹیلی وژن سے اردو خبریں پڑھیں جبکہ سولہ برس تک ریڈیو پاکستان سے اسپورٹس کے ہفتہ وار پروگرام کی کمپئرنگ کی۔
امجد عزیز ملک کو ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن اے آئی پی ایس ایشیا کے مسلسل تیسری مدت کے لیے سیکرٹری جنرل اور سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب ہونے کا گراں قدر اعزاز بھی حاصل ہے۔
انہوں نے پشاور میں پاک چین دوستی کا اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز چائنہ ونڈو قائم کر کے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی میں بھی ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
امجد عزیز ملک خیبر پختونخوا کے واحد صحافی ہیں جنہوں نے مختلف موضوعات پر17 کتابیں تحریر کی ہیں۔ ان کی مزید 2 کتابیں زیر طبع ہیں۔ 300 سے زیادہ مقالے، 50 سے زائد بروشر، اور رسائل بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ امجد عزیز ملک کوزندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے پر ملک اور بیرون ملک 400 سے زیادہ ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔
اپنے42 سالہ صحافتی کیرئیر میں انہوں نے 8 ہزار سے زائد فیچر، مضامین اور کالم لکھے ہیں۔
امجد عزیز ملک ادبی، سماجی، علمی اور ثقافتی حلقوں میں بھی نمایاں شناخت رکھتے ہیں انہوں نے پشاور میں معیاری اسٹیج ڈراموں کی بنیاد بھی رکھی اور کئی ڈرامے پروڈیوس کیے۔