وزیر اعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ یہ ملک ہم نے اپنے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا۔ ملک کا تحفظ اور تعمیر و ترقی اب ہماری ذمہ داری ہے۔
وزیر اعلٰی کا کہنا تھاکہ ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لیے ہمیں اپنے تمام فروعی اور گروہی اختلافات کو بھلانا ہو گا، ہمیں ہر قسم کے تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی شکل میں کام کرنا ہوگا۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجوں اور دہشت گردی کی عفریت کا سامنا ہے، ملک دشمن قوتیں بدامنی پھیلا کر پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم کر کے ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم ناکام بناسکتے ہیں، اور قائد اعظم کے فرمودات اور علامہ اقبال کی فکر کو مشعل راہ بناکر ہم پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بناسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
ان کا کہنا تھاکہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے، یوم آزادی پر بلوچستان کے عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی جبر و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارت نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق غضب کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی آواز کو با ذور شمشیر دبایا نہیں جا سکتا، ہمیں وطن کی مٹی سے محبت اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور یگانگت کو فروغ دینا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ماضی سے سبق سیکھ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار نہ کر سکے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے تعمیر وترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔