انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال لیں

پیر 14 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انوار الحق کاکڑ نے ملک کے آٹھویں نگراں وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا، صدر مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ جس کے بعد انہوں نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

نگراں وزیراعظم سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بلوچستان کے ایک وفد نے ملاقات کی ہے، وفد میں سینیٹر سرفراز بگٹی اور میر خالد لانگو شامل تھے۔

وفد نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قبل ازیں نگراں وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔

نگراں وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا اعظم خان اور نگراں وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔

چیئرمین  سینٹ صادق سنجرانی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔

ایوان صدر میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب حلف برداری میں پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انوار الحق کاکڑ نے سینٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا، جسے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے منظور کیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انوار الحق کاکڑ کی سینیٹ کی نشست 14 اگست سے خالی قرار دے دی گئی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیرِ اعظم نامزد ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست چھوڑ دی تھی، تاہم انکے سینیٹر رہنے کی مدت 2024 تک تھی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp