پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کیمبرج کے نتائج پر ’طلبہ کی بےچینی‘ سے متعلق ردعمل دیا تو متعدد افراد نے ایسا کرنے پر انہیں سراہا۔
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر دیے گئے پیغام میں مریم نواز شریف نے لکھا تھا کہ ’رواں برس کیمبرج کے نتائج پر کئی سو افراد نے عدم اعتماد کیا ہے۔‘
نتائج کے متعلق انہوں نے لکھا کہ ’اس برس کے نتائج طلبہ میں بےچینی کا باعث بنے ہیں۔ جہاں اے کی توقع تھی وہاں سی اور ای (گریڈ) دیے گئے ہیں۔ ان طلبہ نے سخت محنت کی، ان کے یونیورسٹی کے داخلے اور مستقبل اس عمل کے نتائج پر منحصر ہے۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ’اگر سی آئی اے شفافیت کے لیے رواں برس اپنے گریڈنگ نظام کا جائزہ لے تو یہ خوش آئند ہو گا۔ ادارے کو یہ بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ پاکستانی طلبہ نے سیاسی عدم استحکام میں اپنی سلامتی خطرے میں ڈال کر امتحانات دیے ہیں۔‘
Many hundreds have reached out voicing their dissatisfaction with the CIE grading this year.
It appears that the grading this year has produced unfair results which has led to severe unrest & anxiety amongst the students. Expected A*s have ended up with Cs & Es. These students…— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 12, 2023
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے ’بھرپور کوششیں کرنے والے طلبہ کو مبارکباد‘ بھی دی۔
مریم نواز شریف کے پیغام کے بعد جہاں ان سے سیاسی اختلاف کرنے والوں نے ماضی کے واقعات اور سیاسی معاملات کا حوالہ دیا وہیں کئی ایسے بھی تھے جنہیں ان کی تجاویز پسند آئیں تو لکھا کہ ’مریم نے دل جیت لیے۔‘
ریحانہ اسماعیل شاہ نے معاملے پر گفتگو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
معراج نے تجویز نے دی کہ ’برٹش کونسل کو کہنا چاہیے کہ وہ اپنا بوریا بستر پاکستان سے سمیٹ لیں اور حکومت کو چاہیے کہ پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے بجٹ میں اضافہ کرے۔‘
زریاب الرحمن خان نے مریم نواز کے جواب میں لکھا کہ ’ہمیشہ طلبہ کو سپورٹ کرنے پر آپ کا شکریہ۔‘
ایک صارف نے ’گریڈنگ سسٹم‘ سے متعلق اپنی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’مریم کہہ رہی ہیں تو ٹھیک کہہ رہی ہیں۔‘