پاکستان کے پاس یورپی یونین ممالک کےساتھ تجارت کو بہتر کرنے کا موقع

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں تعینات بیلجیئم کے سفیر چارلس ڈیلوگن نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ سمیت جی ایس پی پلس کے کنونشنز پر عملدرآمد یقینی بنا کر پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو مزید بہترکر سکتا ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سائنسی تحقیق اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔

آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کے لیے ناگزیر تھا، سفیر بیلجیئم چارلس ڈیلوگن

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کے لیے ناگزیر تھا کیونکہ اس نے پاکستان کو مزید مشکلات سے بچا لیا ہے۔ پی آئی اے یورپ کے ساتھ اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں ہے اوراس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔

مزید پڑھیں

چارلس ڈیلوگن نے کہا کہ پاکستان کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند ورکرز بیلجیئم کی کمپنیوں کو براہِ راست درخواست دے سکتے ہیں اور ان کا سفارتخانہ بیلجیئم کی کمپنیوں کی طرف سے ان کے انتخاب کی صورت میں ملازمت کے معاہدوں پر دستخط کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔

پاکستان اور بیلجیئم کو دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے شعبے تلاش کرنا ہوں گے، صدر اسلام آباد چیمبر

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاکہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں لیکن دونوں ممالک کی باہمی تجارت صرف ایک ارب ڈالر سے کچھ زائد ہے جو دونوں کی اصل صلاحیت سے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں تاکہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے نئے شعبے تلاش کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم پاکستان کے ساتھ زراعت، فوڈ پروسیسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی تعاون کر سکتا ہے۔

احسن ظفر بختاروی نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے تحت بہت سے اسپیشل اکنامک زونز قائم کر رہا ہے، بیلجیئم کے سرمایہ کار ان زونز میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی بیلجیئم کے سفارت خانے کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر ے گا۔

بیلجیئم ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں مہارت شیئر کرے، اظہرالاسلام ظفر

آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیلجیئم ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اپنی مہارت پاکستان کے ساتھ شیئر کرے جس سے ہماری معیشت بہتر ترقی کرے گی۔

یورپی یونین کے ممالک پاکستان کے ساتھ تعاون کریں، ظفر بختاوری

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکریٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ یورپی یونین کے ممالک موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر بیلجیئم سفارتخانہ کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین بھی سفیر کے ہمراہ تھے جبکہ کاروباری شخصیات کاشف ظہیر، خالد چوہدری، اسلم کھوکھر، چوہدری عرفان، ملک شبیر، اکبر صدیق چغتائی، نگینہ خلیق، ناصرہ علی اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp