سکھر کے تھانہ میں سینیئر صحافی جان محمد مہر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سکھر پولیس نے بتایا ہے کہ تھانہ سی سیکشن میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
صحافی جان محمد مہر کے قتل کی ایف آئی آر میں 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 3 نامعلوم افراد پر بھی مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی آر میں 7 سہولت کاروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
صحافی جان محمد مہر کے قتل کی ایف آئی آر ان کے بڑے بھائی کرم اللہ مہر کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔
مقدمے کے مطابق صحافی کی جانب سے لوگوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جاتی تھی جس سے بااثر لوگ خائف تھے اور دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
واضح رہے کہ سکھر کے صحافی جان محمد مہر کو گزشتہ روز دفتر سے گھر جاتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔