رونالڈو کے بعد ایک اور انٹری، نیمار سعودی کلب الہلال سے 10 کروڑ ڈالر سالانہ لیں گے

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرسٹیانو رونالڈو کے بعد سعودی پرو لیگ میں ایک اور اسٹار فٹبالر کی انٹری، برازیل کے نیمار نے سعودی فٹبال کلب الہلال کے لیے معاہدہ کر لیا، نیمار نے سالانہ 10 کروڑ ڈالر معاوضے کے عوض سعودی کلب کے ساتھ معاہدہ کیا، اس طرح انکی ہفتہ وار آمدنی 25 لاکھ ڈالر ہوگی، اور وہ کرسٹیانو رونالڈو کے بعد زیادہ معاوضہ لینے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

برازیل کے فٹ بال سپر اسٹار نیمار کی پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے سعودی پرو لیگ کے الہلال کلب میں منتقلی مکمل ہو چکی ہے، نیمار نے فرانسیسی کلب میں 6 سال زبردست کارکردگی دکھائی۔

سعودی پرو لیگ کے کلب الہلال نے دو روز قبل پی ایس جی کے ساتھ  تقریبا 10 کروڑ ڈالر سالانہ ٹرانسفر فیس پراتفاق کیا، جو کرسٹیانو رونالڈو کے بعد کسی بھی کھلاڑی کی ٹرافنسر کے لیے دیے جانے والی ایک ریکارڈ رقم ہے۔

نیمار کو 2 سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے، تاہم 31 سالہ برازیلی اسٹار کو ملنے والا معاوضہ کرسٹیانو رونالڈو کی رپورٹ کردہ تنخواہ کا تقریبا نصف ہے۔

معاہدے کے بعد الہلا کلب کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ایک ویڈیو بھی شیئرکی گئی جس میں نیمار جونیئر الہلال کی وردی میں ملبوث ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ’میں یہاں سعودی عرب میں ہوں اور میں ہلالی ہوں۔‘

لیگ کی طرف سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں نیمار نے کہا کہ وہ کھیل کی نئی تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ سعودی پرو لیگ میں اس وقت زبردست توانائی اور معیاری کھلاڑی موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الہلال شاندار شائقین کے ساتھ ایک بڑا اور ایشیا کا بہترین کلب ہے، یہاں آکر مجھے اس بات کا احساس ہوا ہے کہ صحیح کلب کے ساتھ صحیح وقت پر یہ میرے لیے صحیح فیصلہ ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے 2 چیزیں بہت پسند ہیں، جیتنا اور گول کرنا، اور میں مستقبل میں بھی سعودی عرب اور الہلال کلب کے ساتھ معاہدہ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

پی ایس جی کے صدر ناصر الخلیفی نے ایک بیان میں کہاکہ نیمار جیسے شاندار کھلاڑی کو الوداع کہنا بہت مشکل عمل تھا، کیونکہ نیمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔

نیمار نے جس کلب میں شمولیت اختیار کی ہے وہ بھی سعودی عرب اور ایشیا کے سب سے کامیاب کلبز میں شمار ہوتا ہے، الہلال نے 66 ٹرافیاں جیتی ہیں اور بالترتیب 18 اور 4 کے ساتھ سب سے زیادہ لیگ اور ایشین چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو واحد اسٹار کھلاڑی ہیں جو سعودی کلب النصر کے ساتھ کھیل رہے ہیں، انہوں نے تقریبا 5 سال کا معاہدہ کر رکھا ہے اور اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑٰ بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp