امریکا کی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والی خاتون ایرن ہنی کٹ نے ’خاتون کی سب سے لمبی داڑھی‘ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر بتایا ہے کہ امریکا کی ریست مشی گن کی 37 سالہ خاتون ایرن ہنی کٹ پولی سسٹک اوورین سنڈروم (PCOS) میں مبتلا ہیں اور انہوں نے 2 سال تک شیو نہیں کی، جس کے باعث ان کی داڑھی 30 سینٹی میٹر (11.81 انچ) لمبی ہو گئی ہے۔
ایرن ہنی کٹ نے 75 سالہ ویوین وہیلر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس کی داڑھی 25.5 سینٹی میٹر (10.04 انچ) ہے، ویوین وہیلر نے 2011ء میں دنیا کی سب سے بڑی داڑھی رکھنے والی خاتون کا اعزاز حاصل کیا تھا اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام لکھا گیا تھا۔
ہنی کٹ کے چہرے کے بالوں کی زیادہ نشوونما ان کی بیماری ’پولی سسٹک اوورین سنڈروم (PCOS) (ایک ایسی حالت جو ہارمونل عدم توازن کا باعث بنتی ہے اور وزن میں اضافے اور ماہواری میں بھی بے قاعدگی کا باعث بنتی ہے) کی وجہ سے ہوئی۔
ہنی کٹ جب 13 سال کی تھیں تو ان کے چہرے کے بال بڑھنے لگے ، انہوں نے ان بالوں سے چھٹکارا پانے کے لیے شیونگ اور ویکسنگ سمیت مختلف ادویات کے ذریعے ہر ممکن کوشش کی لیکن نتیجہ صفر رہا۔
ہنی کٹ کا کہنا ہے کہ وہ شاید دن میں کم از کم تین بار شیو کرتی تھی اور مختلف قسم کی ادویات ان بالوں سے چھٹکارہ پانے کے لیے استعمال کرتی تھیں، تاہم 2018ء میں ان کا پاؤں زخمی ہو گیا، ان کی بینائی بھی جزوی طور پر چلی گئی اور وہ چہرے کے بال مونڈ مونڈ کر تھک گئیں۔
ہنی کٹ نے کووڈ وبا کے دوران نافذ العمل لاک ڈاؤن کے دوران اپنے چہرے کے بالوں کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
’اس (کووڈ- 19) نے واقعی مجھے داڑھی بڑھانے میں اعتماد پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا، ماسک پہننے کے باعث باہر عوام میں جانے میں مدد ملی، داڑھی کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ اس کی دوہری ٹھوڑی کو چھپا لیتی ہے لیکن یہ ہر چیز میں پھنس جاتی ہے۔‘
ہنی کٹ نے جب داڑھی بڑھانے کا فیصلہ کیا تو ان کی والدہ جِل روچ نے اس کی حمایت کی۔
’مجھے یہ احساس تھا کہ اسے ایک کم عمر خاتون کے طور پر کتنی بار شیو کرنا پڑتی تھی اور یہ بنیادی طور پر صرف ظاہری شکل کے لیے تھا۔ اب مجھے اس کی داڑھی دیکھنے کی عادت ہوگئی ہے اور وہ اس کے بارے میں بہت خوش ہے، یہی خوشی سب سے اہم چیز ہے۔‘
View this post on Instagram
’پولی سسٹک اوورین سنڈروم واحد بیماری نہیں ہے جس سے ہنی کٹ کو نمٹنا پڑتا ہے 2018ء میں جب اس کے پاؤں پر چوٹ لگی تو اسے بیکٹیریل انفیکشن (نیکروٹائزنگ فاسائائٹس) ہو گیا، بیکٹیریل انفیکشن کے بعد ہنی کٹ کی ٹانگ کاٹ گئی۔‘
ہنی کٹ کے مطابق بلڈ پریشر بڑھنے کے باعث ان کی آنکھ کا پردہ متاثر ہوا، ان کی آنکھ کے پردے میں خون جم گیا اور آنکھ سے خون بھی بہنے لگا۔ اس کی وجہ سے ان کی بینائی متاثر ہوئی۔
ان تمام حادثات سے گزرنے کے باوجود ہنی کٹ مایوسی نہیں ہوئیں اور انہوں نے اس وقت پرامید رہنا سیکھا جب ان کے ڈاکٹر نے کہا کہ اگر وہ مثبت سوچتی رہیں تو وہ تیزی سے ٹھیک ہو جائیں گی یعنی ان کی آنکھوں کی بینائی واپس آ جائے گی۔
بینائی سے محرومی کے باعث ہنی کٹ اپنی شیو نہیں کر سکتی تھیں، ہنی کٹ کے لیے سب سے لمبی داڑھی رکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنا واقعی حیرت انگیز ہے جس پر وہ ماضی میں شرمندہ ہوا کرتی تھیں۔
’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کبھی گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھواؤں گی اور جس وجہ سے وہ شرمندہ رہتی تھیں اسی وجہ سے ان کا نام ورلڈ گنیز ریکارڈ میں آئے گا۔‘