عمران خان کے بغیر پرومو قبول نہیں، پی سی بی اسے ڈیلیٹ کرے، وسیم اکرم

بدھ 16 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق کرکٹر اور مایا ناز فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پی سی بی کا جاری کردہ پرومو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کے بغیر پرومو قبول نہیں ہے، پی سی بی اسے فی الفور ڈیلیٹ کرے اور اپنی غلطی پر معافی مانگے۔

سوئنگ کے سلطان اور 1992 کی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ رہنے والے کھلاڑی وسیم اکرم نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ سری لنکا کی لمبی فلائٹ پر ہونے کے باعث بے خبر تھا لیکن جیسے ہی پی سی بی کا پرومو دیکھا تو حیران ہوا کہ کس طرح ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان کو نظر انداز کیا گیا۔

وسیم اکرم نے لکھاکہ پی سی بی نے کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ایک شارٹ ویڈیو میں عظیم کھلاڑی عمران خان کو مائنس کر دیا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہونے چاہیے لیکن پاکستان کرکٹ کو فروغ دینے اور نمایاں خدمات سر انجام دینے والے کو کس طرح نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان دنیائے کرکٹ کے آئیکون ہیں، انہوں نے پاکستان کو پہلا ورلڈ کپ جتوایا، اپنے دور میں کھلاڑیوں کو یکجا کرکے پاکستان کرکٹ کو مضبوط کرنے میں بہترین کردار ادا کیا، وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی سی بی فی الفور اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کرے اور اپنی اس غلطی پر معافی مانگے۔

ایک روز قبل پی سی بی نے یوم آزادی کے موقع پر کرکٹ لیجینڈز پر مشتمل ایک ویڈیو جاری کی، جس میں 1992 کے ورلڈ کپ کے فاتح کپتان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے جاری کی گئی ویڈیو میں عمران خان کی صرف ایک جھلک شامل کی گئی جس پر شائقین کرکٹ نے پی سی بی کی جاری کردہ ویڈیو کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی سی بی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر شیئر کی گئی ویڈیو قائداعظم محمد علی جناح کے ایک اقتباس سے شروع ہوتی ہے اور 1952 میں کھیلے گئے بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے ڈیبیو کو دکھاتی ہے۔

اس کے بعد ویڈیو میں 1992 کا ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 میں پاکستان کی جیت کے مناظر دکھائے جاتے ہیں جس میں عمران خان کو ورلڈ کپ ٹرافی تھامے ہوئے ایک لمحے کے لیے دکھایا گیا، جسے کئی مداحوں نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے عمران خان 5 اگست سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں سیشن جج کی طرف سے سزا سنائے جانے کے بعد اٹک جیل میں قید ہیں اور پیمرا کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا پر انکا نام لینے پر بھی پابندی عائد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp