بلوچستان محکمہ پولیس نے اسملیوں کی تحلیل کے بعد گاڑیوں پر وزیر، ایم این اے، ایم پی اے، کو آرڈی نیٹرز کی پلیٹ لگانا غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
جمعرات کو بلوچستان محکمہ پولیس کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں اس لیے اب گاڑیوں پر وزیر، ممبر نیشنل اسمبلی(ایم این اے)، ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) اور معاون کار ( کوآرڈی نیٹرز) کی پلیٹ لگانا ممنوع ہو گا۔
انتباہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نجی گاڑیوں پر بلیو بتی کا لگانا بھی غیر قانونی عمل ہے۔ گاڑیوں پر ایسی نمبر پلیٹ اور بلیو بتی لگانے والوں کو نمبر پلیٹ اور بلیو بتی ہٹانے کے لیے 24 گھنٹے کا وقت دیا جاتا ہے۔
محکمہ پولیس کی جانب سے پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے بعد ایسی غیر قانونی نمبر پلیٹ اور بلیو بتی کی حامل گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغا ز کیا جاۓ گا۔ غیر نمونہ نمبر پلیٹ والے گاڑی مالکان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جاۓ گی۔