پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے گرفتار بھانجے بیرسٹر حسان خان نیازی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں تحقیقات اور مقدمہ کے لیے فوج کے حوالے کیا گیا ہے۔
بیرسٹر حسان نیازی کی بازیابی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں ان کے والد حفیظ اللہ نیازی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے بعد عدالت نے پنجاب پولیس کو حکم دیا تھا کہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
پنجاب پولیس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور نہنگ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیا ہے، جس کے مطابق بیرسٹر حسان نیازی کو انوسٹی گیشن اور ٹرائل کے لیے ملٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق حسان خان نیازی جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد اور مرکزی ملزمان میں شامل ہیں۔ پولیس نے قانونی کاروائی مکمل کی حسان نیازی کو اشتہاری قرار دلوایا۔ پولیس نے حسان نیازی کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیرسٹر حسان نیازی کو کمانڈنگ افسر کی درخواست پر ٹرائل کےلیے ملٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔