ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 197 رنز بناسکی اور یوں اسے 2 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور کی اننگز
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
پشاور کی جانب سے بابر اعظم 68 اور ٹام کوہلر کیڈمور 92 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر اور عماد وسیم مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔ عامر نے 4 اوورز میں 42 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے، عماد نے 3 اوورز میں 42رنز دیے اور وکٹ نہ لے سکے۔
کراچی کی جانب سے میر حمزہ، اینڈریو ٹائے ، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ لی۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ میتھیو ویڈ 23 ، قاسم اکرم 7 اور حیدر علی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر شعیب ملک اور کپتان عماد وسیم نے 131 کی شراکت قائم کی تاہم ملک 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عماد وسیم نے پشاور کے بولرز کے خلاف مزاحمت جاری رکھی اور جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور آخری اوور میں کراچی کی ٹیم دلچسپ مقابلے کے بعد 2 رنز سے ہار گئی۔
کراچی کنگز مقرر 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بناسکی، عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جیمز نیشم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور کے ٹام کوہلر کیڈمور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔