سائبر کرائم ٹیم کی کامیاب کارروائی، خاتون کو واٹس ایپ پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

جمعہ 18 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی سائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد کی ٹیم نے خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم کے خلاف ’پیکا‘ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

جمعہ کے روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی سائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے محمد عاصم خان کو گرفتار کر لیا ہے جس پر ایک خاتون نے واٹس پر ہراساں کرنے اور اس کی قابلِ اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا الزام لگایا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ’ مبینہ ملزم محمد عاصم خان نے خاتون کو ہراساں کرنے کے لیے انٹرنیشنل نمبر کا استعمال کیا اور متاثرہ خاتون کو دھمکی آمیز پیغامات اور کالز بھی کیں۔مبینہ ملزم محمد عاصم خان نے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر شئیر کیں۔

ملزم محمد عاصم پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے خاتون سے متعلق قابل اعتراض مواد متاثرہ خاتون کے گھر والوں سے بھی شئیر کیا۔جس پر وہ اس خاتون کو گزشتہ کئی ماہ سے بلیک میل کر رہا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم  پر الزام ہے کہ اس نے خاتون کو نا صرف ہراساں کرنے کی کوشش کی بلکہ اس نے سوشل میڈیا پر متاثرہ خاتون کی کردار کشی بھی کی ہے جس کے الزام میں مبینہ ملزم محمد عاصم کو ایبٹ آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے ملزم کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق مبینہ ملزم کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ( ایف آئی آر) نمبر 23/2023 اور پیکا ایکٹ نمبر U/S 21,24Peca 2016 R/W 109PPC کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ملزم کا موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف ’ پیکا ‘ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جہاں ملزم سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp