نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 9 مئی کو رونما ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی علامات کا تقدس پامال کرنے والے عناصر پر پوری قوت سے قانون کا اطلاق کیا جائے گا۔
انوارالحق کاکڑ نے جمعے کو نگراں وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ 9 مئی کو رونما ہونے والے سانحے میں ملوث افراد کے خلاف قانون و انصاف کے مطابق کارروائی ہوگی۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان سنگین واقعات میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی ان میں سے کسی کو کوئی فیور دی جائے گی البتہ ان کے خلاف جو بھی کارروائی ہوگی وہ غیرجانبدارانہ اور منصفانہ ہوگی۔
We will ensure that justice is meted out to those involved in the May 9 attacks. Full force of the law will be applied to those who infringed upon the sacrosanctity of the state's emblems on that day. pic.twitter.com/n1muPRipbO
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) August 18, 2023
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ ان حملوں سے ہماری ریاست ایک آدھ ہفتے میں کمزور ہوجاتی لیکن وہ واقعات اس کوشش کی شروعات تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نہ صرف اس کی مذمت کرتے ہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ اس روز جو بھی شخص قانون شکنی میں ملوث تھا اس کے خلاف بلا خوف اور کوئی رعایت و جانبداری برتے بغیر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ انوارالحق کاکڑ نے وزارت عظمیٰ کا حلف 14 اگست کو اٹھایا تھا۔ وفاقی کابینہ کے اراکین نے 17 اگست کو اپنے عہدوں کا حلف لیا۔