کراچی: بھتہ خوری میں ملوث داعش کے 2 دہشت گرد گرفتار

ہفتہ 19 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)، سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث کالعدم تنظیم ’داعش‘ کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔

ایس آئی یو، سی آئی اے کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد یونیورسٹی روڈ نزد عسکری پارک کے پاس موجود ہیں۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے فرمان اللہ عرف احتشام اور محمد داؤد کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان نے سال 2020 میں پی آئی بی کالونی میں ایک جنرل اسٹور مالک سے بھتہ طلب کیا تھا جس کی پاداش میں ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج ہیں۔

گرفتار دہشتگردوں نے اپنے ساتھی سکندر خان کے ہمراہ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع سراج ویلفئیر کلینک کے مالک ڈاکٹر سراج کو فروری سال 2020 میں بذریعہ پرچی بھتہ طلب کیا تھا، پرچی کے ساتھ پستول کی گولیاں بھی بھیج کر دھمکایا گیا تھا۔

ملزمان نے بھتہ نہ دینے پر کلینک پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔

اسی سال 2020 میں دہشتگردوں نے شریف آباد کورنگی انڈسٹریل ایریا میں واقع نقشبندی کریانہ اسٹور کے مالک سے بھتہ طلب کیا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ کے آئی اے میں درج کیا گیا تھا۔

ایس آئی یو نے بھتہ خوروں کے ماسٹر مائنڈ سکندر خان ولد کمال خان کو گرفتار کر کے چالان پیش کیا تھا جس پر اسے 2 مقدمات میں 5 ،5 برس کی قید ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp