سانحہ جڑانوالہ ریاست کی رٹ پر حملہ ہے، سینیٹر شیری رحمان

اتوار 20 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیپلز کی نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان، سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری، فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن اور ملائکہ رضا پر مشتمل پیپلز پارٹی کے نمائندہ وفد نے جڑانوالہ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وفد کے اراکین نے 16 اگست سانحہ میں متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور گرجا گھروں کا دوراہ بھی کیا۔

پوری دنیا کے مسلمانوں کا سر شرم سے جھکا دیا

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آج ہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اپنے جڑانوالہ کے بہن بھائیوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ میں 16 اگست کے دن جو ہوا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جو کچھ 16 اگست کے دن جڑانوالہ میں ہوا اس نے نا صرف پاکستانیوں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے اور اکثریت اور اقلیت کے حقوق میں کوئی تفریق نہیں کرتی۔ ہمارا دین اسلام بھی اقلیتوں کو مکمل حقوق اور آزادی فراہم کرتا ہے۔

اقلیتوں کی حفاظت اور حقوق کی ذمہ داری اکثریت پر ہے

پیپلز پارٹی کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے دین اور آئین میں اقلیتوں کی حفاظت اور حقوق کی ذمہ داری اکثریت پر ہے۔ جناح کے پاکستان میں تمام شہریوں کو مساوی تحفظ، حقوق اور آزادیاں میسر ہیں۔

کیا اس دن کے لیے جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی؟

شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ جان کی شدید دکھ ہوا کہ میرے مسیحی بھائی بہنوں اور بچوں کو خوف کے عالم میں قریبی کھیتوں میں رات گزارنی پڑی۔ کیا اس دن کے لیے جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی؟

مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے

انہوں نے کہا کہ  جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ سانحہ پاکستان کی ساکھ اور ریاست کی رٹ پر حملہ ہے۔ شر پسند عناصر کو کڑی سزا ملنے سے ہی ایسے مزید واقعات کو ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان واقعات کی ہر سطح پر سختی سے مذمت کرتے ہیں ان واقعات میں ملوث تمام افراد کو کڑی سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔

متاثرہ لوگوں کو معاوضہ دیا جائے، نیّر بخاری

اس موقع پر وفد میں شامل سید نیر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو آئین اور دین حقوق اور تحفظ دیتا ہے۔ مام گرجاگھروں کو بحال کیاجائے۔متاثرہ لوگوں کو معاوضہ دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp