آپ نے آج تک یہ تو سنا ہوگا کہ چوہے جس گھر میں ہوں وہاں اشیائے خورونوش سمیت کوئی چیز نہیں چھوڑتے مگر کیا آپ نے کبھی یہ سنا ہے کہ چوہے چرس اور افیم بھی کھا جاتے ہیں، اگر نہیں سنا تو بھارتی شہر متھورا کی پولیس کی رپورٹ پڑھیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ چوہے 500 کلو چرس کھا گئے۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر متھورا کی پولیس نے عدالت میں ایک رپورٹ جمع کروائی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شیر گڑھ اور ہائی ویز پولیس اسٹیشنز کے گوداموں میں رکھی گئی 500 کلو چرس چوہوں نے کھا لی۔
پولیس کی طرف سے یہ رپورٹ اس وقت جمع کرائی گئی ہے جب گزشتہ سال عدالت نے متھورا پولیس کو ایک مقدمے میں ضبط کی گئی چرس پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے متھورا کے ایس ایس پی ابھیشک یادیو کو حکم دیا کہ چوہوں کے خطرے سے چھٹکارا حاصل کرکے یہ ثابت کریں کہ چوہے 60 لاکھ روپے سے زائد کی مالیت کی 581 کلو چرس کھا گئے۔
سرکاری وکیل رنویر سنگھ نے کہا کہ شیر گڑھ اور ہائی وے پولیس اسٹیشنز کے ایس ایچ اوز نے دعویٰ کیا کہ گوداموں میں رکھی گئی 581 کلو چرس چوہوں نے کھا لی۔