سعودی وزیر حج کی نگراں وزیر مذہبی امور کے ساتھ پریس کانفرنس، زائرین کے لیے اہم اعلانات

پیر 21 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور سعودی عرب نے ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فضائی خدمات کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

معاہدے پر اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

دستخط کرنے کی تقریب کے بعد سعودی عرب کے وزیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انیق احمد نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایوی ایشن کے شعبے میں ہونے والے معاہدے کے خاص طور پر پاکستانی زائرین کے لیے جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

جب کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے اعلان کیا کہ پاکستان کے عمرہ زائرین کے لیے ویزے کا دورانیہ 90 روز تک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام خادم حرمین الشریفین کے دل کے بہت قریب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے دوران اہم امور پر گفتگو ہوئی ہے۔ اس دوران پاکستانی عازمین کوفراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

سعودی وزیر نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی حکومت کی کوشش ہے کہ حج اخراجات میں کمی کی جائے۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ ویزے پرعمرہ کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا جا سکے گا، مکہ اور مدینہ میں 100 کے قریب مزید نئے مقامات کو کھولا جائے گا، یقین دلاتاہوں کہ پاکستانی وزارت مذہبی امورکے ساتھ مل کرکام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے مابین فلائٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔

پاک سعودی معاہدے کے نتائج جلد سامنے آئیں گے، نگران وزیر مذہبی امور

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتائج جلد سب کے سامنے آئیں گے، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

وزیر مذہبی امور نے کہاکہ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ کا دورہ پاکستان ہمارے لیے باعث اعزاز اور شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت حج و عمرہ زائرین کے لیے جدید سہولیات فراہم کررہی ہے، عمرہ زائرین میں پاکستان کی تعداد دنیا میں پہلے نمبرپر ہے۔

روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین کے لیے فائدہ مندہ ہے

انیق احمد نے کہاکہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین حج کے لیے بہت فائدہ مند ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان کےتمام ایئرپورٹس پرروڈ ٹو مکہ کی سہولت فراہم کی جائے۔ منیٰ اورعرفات میں پاکستانی حجاج کرام کو مزیدسہولتیں فراہم کی جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حرمین کی توسیع کی وجہ سے پاکستانی ہاؤس کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے، 65 سال سےزائد پاکستانی زائرین کے لیے بائیومیٹرک سے استثنیٰ دیاجائے۔

واضح رہے کہ سعودی کے وزیر حج و عمرہ اتوار کو 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔

سعودی وزیر نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp