خیبر پختونخوا پولیس نے بٹگرام کے علاقے میں لائی جھنگڑئے پاشتو میں کیبلز ٹوٹنے سے ہوا میں لٹکنے والی چیئر لفٹ کے مالک اور آپریٹرکو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب کے مطابق بٹگرام کے مقامی لفٹ کے مالک گلزرین اور آپریٹر اعجاز کے خلاف تھانہ بانا میں مقدمے کے اندراج کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا ہے،دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ہزارہ کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ کے کنٹرول روم کو سیل کردیا ہے اور واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام کے علاقے آلائی جھنگڑئے پاشتو میں کیبلز ٹوٹنے سے چیئر لفٹ تقریباً 15 گھنٹے تک پھنس گئی تھی۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کو ریسکیو کیا گیا تھا۔