ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کی وجہ کیا ہے؟

بدھ 23 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تاریخ میں پہلی بار انٹربینک میں ڈالر 300 روپے کا ہوگیا، انٹربینک میں ڈالر گزشتہ روز 299.01 روپے پر بند ہوا تھا، انٹربینک میں ڈالر 299.75 پیسے کی بلند ترین سطح پر گزشتہ سال ٹریڈ ہوا تھا، نگراں حکومت کے قیام کے بعد ڈالر نے تاریخ رقم کردی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 299.01 روپے سے بڑھ کر 299.64 پر بند ہوا، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 63 پیسے کا اضافہ ہوا۔

انٹر بینک کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی لمبی چھلانگ

ڈالر ایکسچینج ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 306 روپے سے بڑھ کر 312 روپے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 روپے مہنگا ہوا، امپورٹ بل کی ادائیگیاں اور حوالہ ہنڈی نے ڈالر کی قیمت کو بڑھا کر روپے کو گرادیا۔

ڈالر کی قدر بڑھنے کی وجہ امپورٹ بل کی ادائیگیاں ہیں، ظفر پراچہ

سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ کہتے ہیں کہ ڈالر کی قدر بڑھنے کی بڑی وجہ امپورٹ بل کی ادائیگیاں ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر جب اسٹیٹ بینک نے سرکلر کا اجرا کیا اور امپورٹس کو کلیئر کرنے کی اجازت دی ہے تو اس وجہ سے روپے پر دباؤ قائم ہے اور تقریباً 7 ہزار کنٹینرز اس وقت پورٹ پر موجود ہیں اور ادائیگی ڈالرز میں کرنی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کے پاس ڈالرز کم ہیں اور روپے پر دباؤ ڈالر کی قیمت میں اضافے کا باعث ہے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ڈالر میں ادائیگی کرنی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ڈالرز بینکوں کے بجائے بلیک مارکیٹ کے ذریعے بھیج رہے ہیں جس کی وجہ سے خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ایک اور وجہ ڈالر کی اسمگلنگ ہے جسے اب تک روکا نہیں جا سکا۔

مہنگائی اور ڈالر مزید اوپر جا سکتے ہیں، شہریار بٹ

معاشی ماہر شہریار بٹ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے سے سرمایہ کار بھی پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ ہمارے سارے معاشی اشاریے خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں بڑھتا اضافہ بھی ہماری انڈسٹری کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔

شہریار بٹ کے مطابق آج پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین پھر مذاکرات ہو رہے ہیں جس میں آئی ایم ایف پاکستان پر زور ڈالے گا کہ اوپن اور انٹر مارکیٹ میں ڈالر کے فرق کو قریب لایا جائے۔ دوسرا وہ شرح سود بھی بڑھانے کی بات کرسکتے ہیں۔ تمام اعشاریوں کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مہنگائی اور ڈالر مزید اوپر جا سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp