ٹھٹہ میں وین الٹ گئی، 7 مسافر ہلاک، 13 زخمی

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے ضلع ٹھٹہ میں جھرک کے قریب وین الٹنے کے حادثہ میں 7  افراد ہلاک جبکہ 13 ہوگئے ہیں۔ ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد بیشتر زخمیوں کو حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے۔

سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کے اعلامیہ کے مطابق ریسکیو 1122 کی 7 ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائی شروع کی گئی۔

زخمیوں میں سے 5 مریضوں کو علاج کے لیے ڈی ایچ کیو مالکی اور سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ مزید برآں، لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اعلامیہ کے مطابق جھرک  کے قریب وقع پذیر اس ٹریفک حادثے میں کل 7 اموات ہوئی ہیں۔ جن کی شناخت نادر علی، غلام حسین، مختار علی، محمد علی، ذوالفقار علی اور ہجران کے نام سے ہوئی ہے تاہم ہلاک ہونیوالے ایک مسافر کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حادثے میں زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹھٹھہ ہی کے علاقے چلیا کے قریب قومی شاہراہ پر رواں برس اپریل میں بھی ٹرک اور گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp