ہتھنی نورجہان کی موت کے بعد ہتھنی مدھو بالا کو کیا ہو گیا؟

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے چڑیا گھر میں ہتھنی نورجہاں کے بعد ہتھنی مدھوبالا بھی بیمار ہو گئی، ہتھنی مدھوبالا کو بلڈ پیراسائٹ انفکشن ہوگیا ہے جس کے بعد اسے سفاری پارک منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

جانوروں کے علاج معالجے کی بین الاقومی تنظیم فورپاز کے سربراہ عامرخلیلی اور دیگر ماہرین نے آج کراچی چڑیا گھر کا دورہ کر کے ہتھنی مدھو بالا کا طبی معائنہ کیا، میڈکل ٹیم نے ٹیسٹ کے لیے ہتھنی مدھو بالا کے خون کے نمونے لیے۔

اس موقع پر فورپاز ٹیم کے سربراہ ڈاکٹرعامر خلیل نے بتایا کہ ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، مدھوبالا کو کنٹینر میں سوار ہونے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

فورپاز کے ٹیم نے بتایا کہ مدھوبالا کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے، ہتھنی مدھوبالا کو ستمبر میں سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، اس کو بہتر سہولیات اور زیادہ جگہ کی دستیابی کے پیش نظر سفاری پارک منتقل کیا جائے گا، منتقلی سے پہلے ہتھنی مدھوبالا کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

عامرخلیلی کا کہنا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا میں بلڈ پیراسائٹ کے کچھ اثرات اب بھی باقی ہیں، بلڈ پیراسائیٹ 100 فیصد ختم نہیں ہوئے تاہم اس کی صحت خطرے سے باہر ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہتھنی نورجہاں کی کراچی کے چڑیا گھر میں ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے ہتھنی مدھو بالا سمیت 4 ہتھنیوں کو سفاری پارک منتقل کرنے کی سفارش کی تھی تاہم فوزپاز نے کہا تھا کہ ہتھنی نورجہاں کی وفات کے بعد ہتھنی مدھو بالا پریشان ہو گئی ہے اور 4 دن سے سوئی بھی نہیں۔

کراچی چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والی ہتھنی نورجہاں / فائل فوٹو

فوز پاز نے سفارش کی تھی کہ ہتھنی مدھو بالا کو سفاری پارک منتقل نہ کیا جائے، جس کے باعث اس کی سفاری پارک منتقلی روک دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ ہتھنی نورجہاں رواں سال کراچی کے چڑیا گھر میں انتقال کر گئی تھی جس کی تدفین بھی چڑیا گھر کے ایلیفنٹ پلے ایریا میں کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp