’کیا ہوا جو لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں‘ : نگران وزیراعظم کے بیان پر تنقید

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ جنہوں نے پاکستان کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا ہے آج کل کافی متحرک نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے بدھ 23 اگست کو معروف کاروباری شخصیات سے خطاب کے دوران کہا کہ کسی سے کچھ پوچھو تو جواب ملتا ہے کہ لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں تو کیا ہو گیا لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

ان کا یہ بیان سماجی رابطوں کی سائیٹ ’ایکس‘ پر خوب وائرل ہو رہا ہے اور لوگ ان کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ جب دانشور اور  تعلیم یافتہ لوگ ملک چھوڑتے ہیں تو وہ اپنی مہارت، علم اور تخلیقی صلاحیتیں بھی ساتھ لے کر جاتے ہیں، اور یہ مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی کو متاثر کرتا ہے۔ لیکن یہ بات ان لوگوں کو کون سمجھائے۔

علی احمد نامی صارف نے نگران وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انوار الحق کاکڑ صاحب کو واقعی فرق نہیں پڑتا اگر لوگ یہ ملک چھوڑکر بیرون ملک منتقل ہو جائیں تو کیونکہ وہ تو چاہتے ہی یہ ہیں ’سنجیاں ہو جان گلیاں وچ مر زا یار پھرے‘

عبداللہ نامی صارف لکھتے ہیں کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بالکل ٹھیک کہتے ہیں ان کو بیرون ملک جانے والے لوگوں کی پرواہ ہو تو کچھ اور کہیں۔

ایک صارف نے سابق وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئی نگران وزیراعظم کو بتائے کہ وہ سابق حکمرانوں اور مسلم لیگ ن کے رہنماوں کی طرح ملک چھوڑ کر نہیں جا رہے بلکہ بھوک اور ظلم سے مرنے کے ڈر سے جا رہے ہیں، تو کیا ہوا اگر یہ لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

سلمان بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کہتے ہیں کہ کیا ہوا جو لوگ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ لوگ آپ کی ایسی حرکتوں کی وجہ سے ہی بیرون ملک جا رہے ہیں، اور جوملک چھوڑ کر جا رہے کچھ مال و دولت بھی رکھتے ہیں اسی لیے جا رہے ہیں صرف غریب لوگ ہی ادھر رہنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اس لیے خدارا اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لائیں۔

واضح رہے کہ عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان بیروزگاری میں 16ویں نمبر پر ہے، پاکستان بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق 2021 میں پاکستان سے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی تعداد دو لاکھ 88 ہزار تھی، 2022 میں یہ تعداد تین گُنا بڑھ کر سوا آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 2023 میں اب تک دو لاکھ سے زائد پیشہ ور افراد بیرون ملک جا چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp