نگراں وزیراعظم کا دفتر وزارت خارجہ کا دورہ، فارن پالیسی پر بریفنگ لی

جمعرات 24 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعرات کو وزارت خارجہ کے دفتر کا دورہ کیا جہاں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سینیئر افسران نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خارجی امور و وزارت کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے وزیراعظم کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں پاکستان کے خارجہ تعلقات، وزارت خارجہ کی کارکردگی، دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی حالیہ کوششوں اور مستقبل کے لیے ترجیحات خصوصاً علاقائی اور عالمی تناظر میں پیشرفت کا احاطہ کیا گیا۔

 

وزیراعظم کو وزارت خارجہ کی جانب سے بیرون ملک کام کرنے اور مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ مل کر کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزارت خارجہ اور دیگر تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد، سلامتی، تجارتی اور اقتصادی اقدامات میں ہم آہنگی کی جامعیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے ایک متحرک خارجہ پالیسی اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے وژن کا اظہار کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر خاص طور پر پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ روابط کو آسان بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔

وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستان کے مفادات کے فروغ اور تحفظ میں وزارت خارجہ اور پاکستانی سفارتکاروں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے خارجہ پالیسی کے ترجیحی شعبوں میں فیصلوں پر عملدرآمد کو آسان بنانے کے لیے وزارت خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

انوارالحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق استصوابِ رائے سے مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی جس میں انہوں نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نگراں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے لیے غیر مشروط حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp