بلوچ لوک گلوکار کے گیت میں وائرل پنجرہ پل کی کہانی کیا ہے؟

جمعہ 25 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک گیت وائرل ہورہا ہے جس میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لوک گلوکار گل میر جمال نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پنجرہ پل کی تعمیر کا مطالبہ کچھ ان جملوں میں کر رہے ہیں۔’وزیراعظم کاکڑ صاحب پنجرہ پل بناؤ بلوچستان دھرتی سے اپنا فرض نبھاؤ‘۔

میر جمال کا نگراں وزیراعظم کے سامنے مطالبہ سامنے رکھنے کا انوکھا انداز سوشل میڈیا پر وائرل تو ہو گیا لیکن سوال یہ ہے کہ یہ پنجرہ پل کہاں واقع ہے اور اس کا مسئلہ ہے کیا؟

پنچرہ پل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے 115 کلو میٹر کی مسافت پر ضلع کچھی میں دریائے بولان پر سے گزرتی قومی شاہراہ این 65 پر موجود ہے جو بلوچستان کو اندورن سندھ سے ملاتا ہے۔

گزشتہ برس مون سون بارشوں کے باعث سیلاب سے جہاں دیگر علاقے متاثر ہوئے وہاں سیلاب اس پل کو بھی بہا لے گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے یہ پل دوبارہ عارضی طور پر تعمیر کیا گیا لیکن شدید پانی کے بہاؤ کے سبب اس پل کی حالت اب بھی ابتر ہے جس کی وجہ سے یہاں سے گزرنے والے مسافروں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پنجرہ پل کے ساتھ بلوچستان میں سیلاب سے N-65 پر حب پل، N-25 پر لنڈا پل، M-8 پر منڈو پل سمیت کانتا پل، باگر نالہ پل، سردی والا پل، بلیلی پل کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

تاہم پنجرہ پل زیادہ اہمیت کا حامل اس لیے ہے کہ یہ پل بلوچستان کو اندرون سندھ سے ملاتا ہے، اس پل کی تعمیر نو کے لیے مقامی افراد کی جانب سے کئی بار احتجاج بھی کیا گیا لیکن مسئلہ جوں کا توں موجود ہے۔

لوک گلوکار گل میر جمال نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پنجرہ پل کی تعمیر کا مطالبہ جس پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’پنجرہ پل کی تعمیر نو کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔ بہت جلد بلوچستان کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انشاء اللہ۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp