سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو فتح دلوانے والے نسیم شاہ گراؤنڈ میں کیا سوچ رہے تھے؟

جمعہ 25 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نسیم شاہ نے گزشتہ روز افغانستان کو ایک روزہ سنسنی خیز اور اعصاب شکن میچ میں شکست دینے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے کیونکہ صورتحال ہی ایسی تھی۔ بہت خوشی کی بات ہے اور ہمیں اس فتح کی ضرورت بھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب میں میدان میں اترا تو شاداب بھائی موجود تھے، مجھے یقین تھا کہ ہم دونوں ملک کو فتح سے ہمکنار کرلیں گے۔ لیکن جب شاداب بھائی آؤٹ ہوئے تو ظاہر تھا کہ اب مجھے ہی کچھ کرنا تھا، اتفاق سے ماضی جیسی صورتحال تھی اور باؤلر بھی وہی تھا، اس لیے یقین تھا کہ میں فتح چھین لوں گا۔

میں بیٹنگ کی بہت نیٹ پریکٹس بھی کرتا ہوں، کیونکہ مجھے علم ہے کہ میری باری ہمیشہ اس وقت آتی ہے جب سانس کی رگیں تک بند ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں جب آپ کے پاس کوئی وکٹ باقی نہیں، تاہم مجھے خود پر اعتماد تھا کہ میں ہدف حاصل کرلوں گا۔ اپنی بھرپور کوشش کی اور اللہ نے کرم کیا کہ وہی عزت دینے والا ہے۔

نسیم شاہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’مجھے اکثر آخر میں بیٹنگ کے لیے جانا پڑتا ہے کہ اس ٹینس صورتحال میں خدانخواستہ کسی دن مجھے ہارٹ اٹیک (دل کا دورہ) ہی نہ ہو جائے۔

’جیت پاکستان کے سب کرکٹ شائقین کے لیے ہے‘

نسیم شاہ نے گزشتہ روز افغانستان کو دوسرے ون ڈے میں ہرانے کے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اُنہیں حارث رؤف کے ہمراہ جیت کے بعد خوش ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Nasim Shah (@inaseemshah)

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے اس پوسٹ کے کیپشن میں اپنی پرفارمنس کو شاداب خان اور قومی کرکٹ ٹیم کو وقف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’یہ جیت پاکستان کے سب ہی کرکٹ شائقین کے لیے ہے۔‘ انہوں نے امام الحق کو بھی سراہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کا پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ جیتنے کا خواب پھر ادھورا رہ گیا تھا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف 300 کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp