امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، نگراں وزیراعظم

جمعہ 25 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے.

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر نے نگراں وزیراعظم سے جمعے کو ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لیے امریکا کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جن کی جڑیں باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار میں ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی حکومت کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی مدد کرے اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے آئینی تسلسل کو برقرار رکھے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے امریکا کے کردار کو سراہا اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے پاکستان کا عزم دہرایا۔

امریکی نجی شعبے کی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاونت میں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی مزید کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گی اور خاص طور پر پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھائیں گی۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی و امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp