برطانوی میوزیم سے نوادرات کی چوری کا معاملہ، جرمن ڈائریکٹر مستعفی

ہفتہ 26 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی میوزیم کے ڈائریکٹر ہارٹ وگ فشر نے عجائب گھر سے مبینہ طور پر نوادرات چوری ہونے پر اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا، اور اپنے ایک بیان میں کہاکہ یہ واضح ہے کہ نوادرات چوری ہونے پر میوزیم انتظامیہ نے کوئی جامع جواب نہیں دیا جتنا اسے دینا چاہیے تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہارٹ وگ فشرنے استعفٰی کے بعد آرٹ ڈیلر (جس نے واقعہ کے بارے میں سب سے پہلے مالکان کو آگاہ کیا تھا) سے متعلق دیے گئے اپنے ریمارکس بھی واپس لے لیے، اور کہاکہ انہوں نے غلط اندازے پر مبنی تبصرہ کیا جس پر انہیں افسوس ہے۔

برطانوی میوزیم ڈائریکٹر ہارٹ وگ فشر

رواں ہفتے کے شروع میں مسٹر فشر نے میوزم کے دفاع میں آرٹ ڈیلر ڈاکٹر گراڈیل پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھاکہ ڈاکٹر گراڈیل کے پاس گمشدہ نوادرات کی معلومات ہونا ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اس چوری میں ملوث ہیں۔

آرٹ ڈیلر ڈاکٹر گراڈیل نے جواب میں اس الزام کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہاکہ مسٹر فشر نے مستعفی ہونے کا اچھا فیصلہ کیا ہے مگر یہ کام ان کو بہت پہلے کر دینا چاہیے تھا۔

وسطی لندن میں واقع عجائب گھر نوادرات جمع کرنے کے لیے مشہور ہے جس میں روزیٹا اسٹون اور پارتھینن ماربلز شامل ہیں۔ ان اشیاء میں سونے کے زیورات اور نیم قیمتی پتھروں کے جواہرات اور 15ویں صدی قبل مسیح سے 19ویں صدی تک کے شیشے بھی شامل ہیں۔

لندن پولیس کے مطابق اس حوالے سے تفتیشی افسران نے ایک شخص سے انکوائری کی تھی، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جبکہ میوزیم انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھاکہ خزانے کے گمشدہ، چوری یا خراب ہونے کی اطلاع کے بعد عملے کے ایک رکن کو برخاست کر دیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں نے دعوٰی کیا ہے کہ گمشدہ اشیاء غیر معمولی عرصے کے لیے غائب رہی ہیں، جبکہ کچھ اشیاء کو مبینہ طور پر ’ای بے‘ ویب سائٹ پر اصل قیمت سے کم داموں میں فروخت بھی کیا جا چکا ہے۔

جبکہ میوزیم انتظامیہ نے دعوٰی کیا تھاکہ 15ویں صدی قبل مسیح سے 19ویں صدی عیسوی تک کا کوئی بھی خزانہ حال ہی میں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا تھا اور بنیادی طور پر علمی اور تحقیقی مقاصد کے لیے رکھا گیا تھا۔ اکثریت کو ایک اسٹور روم میں رکھا گیا تھا۔

واضح رہے 61 سالہ ہارٹ وگ فشر 2016 سے اب تک میوزیم کے سربراہ کے طور پر کام کرتے رہے ہیں، تاہم انہوں نے کہا ہے کہ جب کوئی نئی تعیناتی ہو جائے گی تو وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جوناتھن ولیمز نے بھی تحقیقات ہونے تک اپنے عہدے پر کام کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

یاد رہے لندن کے مشہور عجائب گھر کے سربراہ ہارٹ وگ فشر پہلے غیر برطانوی شخص ہیں جو اس عہدے پر فائز ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp