ملک بھر میں بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہاہے۔ پشاور میں احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے سیکیورٹی مانگ لی ہے۔
پیسکو نے پشاور پولیس کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے دفاتر کے باہر عوام احتجاج کر رہے ہیں، ایسی صورتحال میں ملازمین تشویش کا شکار ہیں اور کام متاثر ہونے کیا خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین کی جانب سے پیسکو کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، اس لیے اہلکاروں کی جان و مال اور پیسکو تنصیبات کی حفاظت کے لیے پولیس فورس تعینات کی جائے۔
مراسلے میں پیسکو کے تمام سب ڈویژنل آفس کے باہر بھی پولیس فورس تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئسیکو) نے بھی عوام کے غم و غصے کے پیش نظر پولیس کی خدمات طلب کی تھیں۔
واضح رہے کہ بجلی کے زیادہ بل آنے پر ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے، حالیہ پیدا شدہ صورت حال پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اتوار کو اہم اجلاس بلا لیا ہے۔
دوسری جانب سے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کو فراہم کیے جانے والے بجلی کے مفت یونٹس ختم کیے جا رہے ہیں۔