عمیر رانا بہت اچھے اداکار ہیں، شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے قابل ستائش کام کیا ہے۔ وہ اب شوبز صنعت میں آنے والے بہت سے نوجوان ستاروں کے انسٹرکٹر بھی ہیں۔
عمیر رانا نے ہمیشہ اپنے ہر پروجیکٹ میں بہت ہی عمدہ کام کیا ہے۔ انہوں نے ڈراما سیریل ’سنگِ ماہ‘ اور ’پنجرا‘ جیسے ڈراموں میں اپنے کردار کے جوہر دکھائے ہیں۔اب ناظرین بہت جلد انہیں ’ عشق مرشد‘ میں دیکھیں گے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمیر رانا سے ان کے مشہور بیان کے بارے میں پوچھا گیا ، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے ان کے روپ کو کاپی کیا ہے۔
یہ بیان اس وقت وائرل ہوا تھا جب عمیر رانا اور عامر خان دونوں اپنے اپنے پروجیکٹس میں ایک ’سکھ‘ کا کردار ادا کر رہے تھے اور دونوں کے کردار اور میک اَپ میں بہت ہی زیادہ مماثلت پائی گئی تھی۔
عمیر رانا نے بتایا کہ انہوں نے یہ بات ایک آن لائن انٹرویو کے دوران مزاحیہ انداز میں کہی تھی کہ عامر خان نے فلم میں ان کے روپ کی نقل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سوشل میڈیا نے اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔
عمیر رانا نے کہا کہ وہ عامر خان کے کام اور ہندوستانی سنیما کے لیے ان کی نا قابل فراموش خدمات کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ میں عامر خان کی ایک بڑے فلمی اسٹار کی حیثیت سے بہت قدر کرتا ہوں۔ میرے مذاق کے طور پر کہنے والے الفاظ کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔
عمیر رانا نے اپنے بالوں کو رنگنے سے انکار کرنے کی وجہ بھی بتائی اور انکشاف کیا کہ انہیں بطور ہیرو اداکاری کے دوران بالوں کو رنگنے کے لیے کہا گیا لیکن میں نے اس سے بغاوت کی اور بال رنگنے سے انکار کر دیا کیونکہ میں کبھی بھی کسی ’ریس‘ میں نہیں پڑنا چاہتا ۔
عمیررانا کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ایسا ہی رکھنا چاہتے ہیں جیسا قدرت نے انہیں بنایا ہے، میری خواہش ہوتی ہے کہ میں اپنی شکل پر زیادہ توجہ دینے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دوں۔