بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شکایات کے لیے ای کچہری کا انعقاد

منگل 29 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں مستحقین کی شکایات کے ازالے کے لیے ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، ایڈیشنل سیکرٹری بینظیرانکم سپورٹس پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مطابق ای کچہری کا مقصد مستحقین سمیت عام عوام کے خدشات و شکایات  کو اسی وقت دورکرنا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد طاہر نور نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹر میں ای کچہری کا انعقاد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بی آئی ایس پی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ای کچہری  میں ملک بھر سے مستحق افراد نے  ٹیلی فون کالز کے ذریعے اپنے مسائل و شکایات  کا اندراج کرایا۔ ای کچہری کے دوران ڈاکٹر محمد طاہر نور اور ان کی ٹیم نے زیادہ تر شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی کوشش کی۔

بقیہ شکایات جن کے حل کے لیے کچھ وقت درکار تھا، ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایک دن کے اندر ان کے حل کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے بینظیر کفالت پروگرام  کے ذریعے، 90 لاکھ رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو 9,000 روپے کی سہ ماہی مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔

مزید برآں، رجسٹرڈ خاندان بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت وظائف سے بھی مستفید ہوتے ہیں، جو اجتماعی طور پر معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں اپنا  کردار ادا کرتے ہیں۔

یاد رہے بی آئی ایس پی مستحقین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں وہ قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر جائیں یا 080026477 ٹول فری ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے باضابطہ رابطہ صرف نمبر 8171  کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ مستحق افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 8171 کے علاوہ کسی دوسرے نمبر کے پیغامات پر بھروسہ نہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp