لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری غیر قانونی قرار دینے کی درخواست پرڈائریکٹر نیب سے پرویزالہی کیخلاف انکوائری اور گرفتاری پر رپورٹ طلب کرلی۔
نیب ریفرنس میں گرفتار پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس امجد رفیق کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹرنیب کل بتائیں کہ سابق وزیراعلی پنجاب کیخلاف انکوائری کب شروع ہوئی اور کیسے گرفتاری ہوئی۔
نیب پروسیکیوٹرنےعدالت کے روبرو پیش ہوکرموقف اپنایا کہ عدالت نے بلایا تو وہ حاضر ہوگئے ہیں باقی اس کیس کے بارے میں انہیں علم نہیں ہے۔ اس موقع پرجسٹس امجد رفیق بولے؛ آپ کو مہلت دے رہے ہیں آپ کل تک اپنی رپورٹ جمع کروائیں۔
جس پر نیب پروسیکیوٹر نے تفضیلی رپورٹ کے لیے مزید کچھ دنوں کی مہلت طلب کی، تاہم جسٹس امجد رفیق بولے؛ آپ کل تک اس کیس سے متعلق جو بھی اپ ڈیٹ ہو وہ پیش کریں۔
لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہی کیخلاف نیب کی انکوائری اور گرفتاری سمیت دیگر معاملات پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب کو بھی کل عدالت طلب کرلیا ہے۔