راہزنی اور ہراسگی کا شکار خاتون کو 2 روز میں انصاف مل گیا

بدھ 30 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی میں ڈکیتوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے اور قیمتی اشیا سے محروم ہونے والی خاتون معلمہ کو اس کا قیمتی سامان پہنچا دیا گیا، پنجاب پولیس نے ڈاکو کی گرفتاری کے بعد چھینی گئی اشیا 2 روز کے اندر برآمد کر کے خاتون کو گھر جا کر حوالے کیں۔

واضح رہے کہ پیر 28 اگست کو راولپنڈی کے علاقے تھانہ وارث خان کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان اسلحہ کے زور پر خاتون سے پرس اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے تھے، جبکہ خاتون کو زدوکوب بھی کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں راولپنڈی میں باپردہ خاتون سے ڈکیتی کی لرزہ خیز واردات

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیم تشکیل دی تھی۔

آج صبح خاتون کو لوٹنے میں ملوث ڈاکوؤں کا پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا جہاں ملزمان نے پولیس کی ٹیم پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جس کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ڈاکو کا نام حمزہ ہے جس کے قبضے سے موقع پر ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں راولپنڈی: خاتون ٹیچر پر تشدد اور ڈکیتی کاملزم گرفتار

ملزم کی گرفتاری کے بعد سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر ایس پی رورل نے ڈکیتی اور تشدد کا شکار ہونے والی خاتون ٹیچر کے شوہر ظفر سے ان کے گھر پر جا کر ملاقات کی اور انہیں پولیس کی کارروائی سے آگاہ کیا تھا۔

اب ملزم کی نشاندہی پر خاتون سے چھینی گئی اشیا برآمد کر کے پولیس نے خاتون کو گھر جا کر حوالے کر دی ہیں، پولیس کے اس اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر پنجاب پولیس کی اس کارکردگی کی تعریف کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp