کوہلی ہوشیار، خبردار کیونکہ بابر آپ کا ایک اور ریکارڈ توڑنے جارہے ہیں

جمعرات 31 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کو باآسانی 238 رنز سے شکست دے دی جس میں اہم ترین کردار کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کا تھا جنہوں نے بالترتیب 151 اور 104 رنز بنائیں۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 342 رنز بنائے جس کے جواب میں نیپال کی پوری ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لیکن اس میچ میں بابر اعظم نے صرف 151 رنز نہیں بنائے بلکہ کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے۔

سب سے پہلے تو بابر اعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 19ویں سنچری اسکور کرنے کا ریکارڈ بنایا۔ بابر اعظم نے یہ کارنامہ 102 اننگز میں انجام دیا جبکہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے 104 اننگز میں ایسا کیا تھا۔ اگر بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا ذکر کریں تو انہوں نے 19 سنچریاں بنانے کے لیے 124 اننگز کا سہارا لیا تھا۔

پھر اس میچ میں بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ اس سے پہلے یونس خان نے بھی تیسرے نمبر پر پاکستان کی جانب سے 35 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

اس کے علاوہ اسی میچ میں بابر اعظم اور افتخار احمد نے پاکستان میں کھیلے جانے والے کسی بھی ایک روزہ میچ میں سب سے بڑی شراکت داری کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے نیپال کے خلاف پانچویں وکٹ کے لیے 214 رنز بنائے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا اور ارونڈا ڈی سلوا نے 1997 میں پاکستان کے خلاف بنایا تھا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم اور افتخار احمد کے درمیان قائم ہونے والی پارٹنرشپ ایشیا کپ کی تیسری بڑی شراکت داری بھی بن چکی ہے۔

یہ تو وہ ریکارڈز ہیں جو بن چکے ہیں مگر کچھ ایسے ریکارڈز بھی ہیں جو 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے خلاف بن سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے بطور کپتان ایک روزہ کرکٹ میں 30 اننگز میں 1994 رنز بنائے ہیں اور انہیں 2 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 6 رنز درکار ہیں۔ دوسری طرف بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بطور کپتان 36ویں اننگ میں 2 ہزار رنز مکمل کیے تھے، جس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر 2 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں بابر اعظم 6 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ بطور کپتان تیز ترین 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے کپتان بن جائیں گے اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp