پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق بھارتی کپتان اورعظیم بلے باز ویرات کوہلی کے درمیان کھیل کی روایتی مسابقت سے آگے ایک مشترکہ احترام اور دوستی کا رشتہ ہے جو ان کے حالیہ انٹرویوز میں جھلکتا ہے۔
اسٹار اسپورٹس انڈیا کو دیے انٹرویو میں نمبر ون ڈے رینکنگ رکھنے والے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی جانب سے ان کی تعریف ان کے لیے فخر کا لمحہ تھا، کیونکہ اس نوعیت کے تعریفی تبصروں سے آپ کو نہ صرف کافی اچھا لگتا ہے بلکہ اعتماد بھی ملتا ہے۔
ورلڈ کپ 2019 کے دوران میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے، بابراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی کوہلی اپنی بہترین فارم میں تھے اور ابھی تک ہیں۔ شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں کوہلی سے بہت سیکھنے کو ملا۔
Beyond rivalries and runs, lies a foundation of respect! 🤝💙@babarazam258's touching encounter with @imVkohli echoes the sentiment of mutual regard that cricket fosters. 🇮🇳🇵🇰 pic.twitter.com/YStrJsGDYU
— Star Sports (@StarSportsIndia) August 31, 2023
’میرے پاس سوالات تھے جسں پر انہوں نے بہت اچھی طرح سمجھایا، اچھے طریقے سے بتایا، جس سے مجھے بہت مدد ملی۔ جب آپ ایک دوسرے کے لیے ایس کرتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے۔‘
دوسری جانب ویرات کوہلی نے بھی بابر اعظم کی جانب سے روا رکھے احترام کے رشتہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم نے پہلے دن سے انہیں عزت و احترام دیا جو آج تک برقرار ہے، باوجود اس حقیقت کہ وہ دنیا میں آج شاید تینوں فارمیٹ کے بہترین بلے باز ہیں۔
’مستقل مزاجی سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ (بابر) بلاشبہ حیران کن ٹیلنٹ کے حامل ہیں، میں نے ہمیشہ انہیں کھیلتا دیکھ کر لطف اٹھایا ہے، اور یہ (کیفیت) ابھی تک بدلی نہیں ہے۔‘
ویرات کوہلی کا کہنا تھاکہ اب جبکہ بابر اعظم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کی نئی منزل پر پہنچ چکے ہیں انہیں نہیں لگتا کہ ریکارڈ ساز پاکستانی بلے باز کے رویے میں کوئی فرق آیا ہو۔ ’اس طرح کے کردار والے کھلاڑی بہت آگے جاتے ہیں اور بہت سوں کو متاثر کرتے ہیں۔‘