پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینیئر نائب صدر مریم نواز کی ایک پرانی ویڈیو پاکستانی ٹائم لائنز پر نئے سرے سے وائرل ہوئی ہے۔
ویڈیو میں مریم نواز کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’جو آئندہ ووٹ مانگے نا، تو اس کو اندر سے بجلی کا بل لا کر دکھانا، کہنا یہ لو اپنا ووٹ۔ پھر اس کو گیس کا بل لا کر دکھانا، کہنا جھوٹو یہ لو اپنا ووٹ۔ پھر اس کو پیٹرول وڈیزل کی پرچی لا کر دکھانا اور کہنا یہ لو جھوٹو، بےایمانو اپنا ووٹ۔‘
مریم نواز کی مہنگی بجلی، مہنگی گیس اور پیٹرول وڈیزل کئی بلند ترین سطح کو چھوتی قیمتوں کے تناظر میں کی گئی تقریرنئی نہیں۔ ماضی کی بنی ویڈیو میں وہ پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دکھائی گئی ہیں۔
چند روز قبل مدت مکمل کر کے ختم ہونے والی وفاقی حکومت کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن نے آج جمعہ کو مہنگائی کے معاملے پر لاہور میں احتجاج کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
بس اتنی سی بات ہے!!!! جو بھی ووٹ لینے آئے تو بس اس کے ساتھ یہی کرنا 👌 pic.twitter.com/pMZ3tImlYi
— Ovais Mangalwala (@ovaismangalwala) September 1, 2023
مسلم لیگ ن کی رہنما کی ویڈیو ایک ایسے وقت میں ٹائم لائن پر وائرل ہوئی ہے جب پاکستانی مہنگی بجلی، پیٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، چینی سمیت اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر گزشتہ کئی روز سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ جس میں کہیں بل پھاڑے جا رہے ہیں تو کہیں واپڈا کے کھمبے اکھاڑے جا رہے ہیں کہ آئندہ واپڈا ان کھمبوں کا معاوضہ دے گا تو ہی زمین استعمال کر سکے گا۔
گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران بجلی کے معاملے پر ہونے والے احتجاج پر گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ حالات مناسب نہیں ہیں۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ اتنا نہیں بگڑا کہ ہڑتال کی جائے۔
نگراں وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کریش کر گئی تھی۔ بازار حصص کے انڈیکس میں گزشتہ چند سیشنز کے دوران 2300 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان میں ڈالر کی قیمت بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی شرح تبادلہ 326 سے 330 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔