جھوٹے حج فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش

جمعہ 1 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مذہبی امور انیق احمد کی زیر صدار ت حج ڈی بریفنگ سیشن میں حجاج اور سامان کی کیو آر کوڈ کے ذریعے ٹریکنگ، شارٹ حج پیکیج کے اجراء اور حجاج کو موبائل ڈیٹا کی فراہمی سمیت متعدد  نئے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ حج پر حجاج کی جامع تربیت، نظم و ضبط اور جسمانی فٹنس کو یقینی بنانے پر کام کیا جائے گا۔ ’آج ہم یہاں پر اپنے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔ بڑا دعوٰی نہیں لیکن حجاج کی سہولت کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔‘

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ غلط اور جھوٹے حج فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ’سرکاری حج اسکیم میں شارٹ اور لانگ حج پیکج متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سامان گمشدگی کی شکایت کم کرنے کیلئے کیوآر کوڈ متعارف کروایا جائے گا۔‘

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بتایا کہ وہ حجاج کی سہولیات کو حتمی شکل دینے کے لیے عنقریب سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ سعودی عرب میں رہائش، خوراک سمیت ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

سعودی عرب میں حجاج کے لیے سستے کالنگ اور ڈیٹا پیکیج کے لیے پاکستانی موبائل کمپنیوں سے تجاویز طلب کی ہیں۔ انہوں نے تمام حاجی کیمپوں کے ڈائریکٹرز کو حجاج کی بہترین سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی ، ڈی جی حج جدہ، حج ونگ کے افسران، ایئرلائنز، بینک، ڈائریکٹرز حاجی کیمپ،  حج گروپ آرگنائزرز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp