بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل بھارتی نژاد سابق آسٹریلوی خاتون کرکٹر لیسا استھالیکر نے کہاکہ اگر ان کو کبھی ٹیم بنانے کا موقع ملا تو وہ اپنی ڈریم الیون کے لیے سب سے پہلے ان پانچ کھلاڑیوں کو چنیں گی، جن میں 2 پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
2 بار ورلڈ کپ جیتنے والی اور آئی سی سی ہال آف فیمر لیزا استھالیکر نے اپنی ڈریم الیون کے لیے پہلے پانچ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جن میں 2 بھارتی کھلاڑی، 2 پاکستانی اور ایک آسٹریلین کھلاڑی شامل ہیں۔
جسپریت بھمرا
انہوں نے کہاکہ وہ سب سے پہلے جسپریت بھمرا کو چنیں گی، کیونکہ جلدی وکٹ گرانے کے لیے اوپننگ بولر کی ضرورت ہوتی ہے، اور سب سے اہم آخر میں جب پلیئر فارم میں ہوتے ہیں اس وقت بھی ایسے بولر کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کو آؤٹ کر سکے۔
ویرات کوہلی
انہوں نے کہاکہ بیٹنگ کے نقطہ نظر سے، وہ ویرات کوہلی کو نمبر 2 پر رکھیں گی،
کیونکہ ہوم گراؤنڈ پر وہ بہترین پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور یہ ورلڈ کپ شاید ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا اور اس ورلڈ کپ میں وہ بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
مزید پڑھیں
بابر اعظم
ان کا کہنا تھاکہ انہیں لگتا ہے کہ بابراعظم ورلڈ کپ میں بہت زیادہ رنز بنائیں گے، 50 اوورز فارمیٹ میں وہ جس طرح کھیلتے ہیں یہ کنڈیشنز ان کے لیے بہترین ہوگی۔
بابر اعظم اس قسم کے کھلاڑی ہیں کہ وہ سامنے سے قیادت کرتے ہوئے کھیلتے ہیں، وہ پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کے شاہکار ہیں۔
’بابر اعظم اپنے انداز سے کھیلتے ہیں،اور اپنی ٹیم کے لیے ہمیشہ فرنٹ سے قیادت کرتے ہیں، اور اپنی ٹیم کی بیٹنگ لائن کا ایک واضح جز ہیں۔‘
اسٹیو اسمتھ
لیسا استھالکر کے مطابق اسٹیو اسمتھ ایسے کھلاڑی ہیں جو ہر قسم کی کنڈیشن پر کھیل سکتے ہیں، وہ اسپن بولنگ کو بہت اچھے طریقے سے کھیل سکتے ہیں، خاص طور پر جب میچ درمیانے اوورز میں پہنچ جاتا ہے وہاں وہ اسکور کرتے ہیں اور اننگز کو اپنے قابو میں کر لیتے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی
لیسا استھالکر نے کہاکہ میری ڈریم الیون کا آخری کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہوگا کیونکہ بائیں بازو کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایسے بولر ہیں جو شروع میں اور آخری اوورز میں وکٹیں نکال سکتے ہیں اور ان کی بال میں سوئنگ بھی موجود ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں تو وہ بہت کامیاب بولر ہیں لیکن 50 اوورز میچ میں بھی وہ اپنی بولنگ کا ایک اثر رکھتے ہیں۔