کیا کوئی بھارتی لڑکی بابر اعظم کی تعریف کرکے بھارت میں محفوظ رہ سکتی ہے؟

پیر 4 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کے مداح سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دونوں اسٹارز کا موازنہ کرتے رہتے ہیں۔ جہاں بابراعظم کو بھارت سمیت پوری دنیا میں ان کی بہترین بلے بازی کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے وہیں ویرات کوہلی بھی پاکستانی کرکٹ شائقین کے پسندیدہ بلے باز ہیں۔

 پاکستانی شائقین کرکٹ اکثر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس  پر مختلف طریقوں سے ویرات کوہلی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ اسی حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر زیر بحث ایک ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہفتے کے روز سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں پاکستانی خاتون مداح  نے کہا کہ وہ صرف بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے لیے میچ دیکھنے آئی تھیں لیکن انہیں ویرات کوہلی کی جانب سے اچھی کارگردگی کا مظاہرہ نہ کرنے پر مایوسی ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون مداح نے چہرے کے ایک طرف پاکستان جب کہ دوسری طرف بھارت کا جھنڈا پینٹ کیا ہوا ہے۔ ویڈیو وائرل ہوئی تو جہاں پاکستانی صارفین نے تبصرے کیے وہیں بھارتی ایکس صارفین نے بھی خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

بھارتی کالم نگار پروفیسراشوک سوین نے ایکس پر یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا کوئی بھارتی لڑکی بابر اعظم کی تعریف کرکے بھارت میں محفوظ رہ سکتی ہے؟

پروفیسراشوک سوین نے تبصرہ کیا تو جواب میں صارفین نے تبصروں کا انبار لگا دیا، کسی صارف نے لکھا کہ وہ پاکستان میں نہیں رہتیں اس لیے وہ یہ سب کہہ سکتی ہیں توکسی کا ماننا تھا کہ پاکستان میں ویرات کوہلی کے بہت سے مداح ہیں یہ اتنی بڑی بات نہیں۔

اسی حوالے سے صارف مفتی عالم نے لکھا کہ بھائی ہمیں کرکٹ پسند ہے۔ ویرات کوہلی ایک لیجنڈ ہے، اس سے کیوں کوئی فرق پڑے گا کہ وہ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے ، وہ بھارتی شائقین سمیت ہم سب کے لیے اپنی عمدہ کارگردگی کی وجہ سے خوشی کا باعث بنتے ہیں۔

 

ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہم امن چاہتے ہیں ، بھارت ہمارا دشمن نہیں ہے۔


صارفین کی غالب رائے تھی کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے، اسی حوالے سے صارف مصطفی کمال نے لکھا کہ تمام کھیلوں کا بنیادی مقصد لوگوں کومتحد کرنا ہونا چاہیے۔ بدقسمتی سے، بھارت اور پاکستان سمیت بہت سے ممالک میں کھیلوں پر بہت زیادہ سیاست کی جاتی ہے۔


صارفین کا ماننا تھا کہ انڈیا میں کھلے عام کسی پاکستانی کرکٹر کی تعریف کرنا ناممکن سی بات لگتی ہے، صارف بلے باز نے لکھا کہ یہ وہ آزادی ہے جو ہم اپنے لوگوں کو دیتے ہیں، ویرات کوہلی کا مداح ہونے کے ناطے ہمیں کوئی غدار نہیں بلائے گا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کرکٹ فین نعیم نے گڈانی کے ساحل پر ویرات کوہلی کا ایک بڑا اسکیچ بنا کر بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا جس سے سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp